08/07/2026
الحمد للہ! آج ہمارے پاکستانی بھائیوں کی دعاؤں، تعاون اور محبت کی بدولت بلال کے علاج کا پہلا مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا۔
اللہ تعالیٰ جب کسی بندے کو کسی نعمت سے نوازنے کا فیصلہ فرما لے تو پوری دنیا مل کر بھی اسے نہیں روک سکتی، اور اگر کسی چیز سے محروم رکھنے کا فیصلہ ہو جائے تو دنیا کی کوئی طاقت وہ نعمت نہیں دے سکتی۔
جب بلال نے پہلی مرتبہ مجھ سے رابطہ کیا تو مجھے ہر چیز ناممکن دکھائی دے رہی تھی۔ جاپان کا ویزا حاصل کرنا ہی بہت مشکل تھا، اور اگر ویزا مل بھی جاتا تو علاج کے لیے اتنی بڑی رقم کہاں سے آتی؟ میں تو مذاق میں بلال سے کہا کرتا تھا کہ یہاں شاید لوگ دس ہزار روپے بھی نہ دے سکیں، کیونکہ آج کل ہر شخص اپنے ہی حالات سے پریشان ہے۔
لیکن جب میں نے بلال کا حوصلہ، صبر اور جینے کی خواہش دیکھی تو میرے دل میں خیال آیا کہ جب اللہ تعالیٰ اسے زندگی کا ایک اور موقع دینا چاہتا ہے تو پھر ہمیں بھی اس نیکی میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔
پھر اللہ تعالیٰ نے اپنی قدرت دکھائی۔ حیرت انگیز طور پر بلال کو جاپان کا ویزا بھی مل گیا اور وہ بحفاظت جاپان بھی پہنچ گیا۔
اس کے بعد مجھے یہ فکر لاحق تھی کہ اس اجنبی بھائی کی مدد صرف اللہ کی رضا کے لیے کون کرے گا؟ مگر ایک بار پھر میرے پاکستانی بھائیوں نے مجھے حیران کر دیا۔ سب نے دل کھول کر تعاون کیا، اور اس سے بھی بڑھ کر ان کا اخلاص دیکھنے کے قابل تھا۔ بہت سے لوگوں نے مدد کی، مگر اپنا نام تک ظاہر کرنا پسند نہیں کیا۔
اللہ گواہ ہے، کئی مرتبہ ان کے جذبے اور اخلاص کو دیکھ کر میری آنکھیں نم ہو گئیں۔
آخرکار علاج کی نصف رقم جمع ہو گئی، ہسپتال نے علاج شروع کر دیا، اور آج الحمد للہ بلال کا پہلا سیشن کامیابی سے مکمل ہو گیا۔
ابھی علاج کا آدھا مرحلہ باقی ہے۔ دل میں پھر وہی فکر ضرور ہے، لیکن اس سے کہیں زیادہ اللہ تعالیٰ پر بھروسہ ہے۔ یقین ہے کہ جس طرح پہلی مرتبہ اللہ نے اپنے بندوں کے ذریعے مدد فرمائی، اسی طرح ہمارے پاکستانی بھائی دوبارہ بھی بلال کا ساتھ دیں گے، ان شاء اللہ، اور علاج مکمل ہونے کے بعد ہی اسے صحت کے ساتھ پاکستان واپس روانہ کریں گے۔
اگر کوئی بھائی یا بہن بلال کی مدد کرنا چاہیں تو براہِ راست بھی اس سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ میں اس کا نمبر نیچے درج کر رہا ہوں۔
+92 342 9194327
آپ سے ایک عاجزانہ گزارش ہے کہ اگر مالی تعاون کرنا آپ کے لیے ممکن نہیں تو کم از کم اس پیغام کو زیادہ سے زیادہ شیئر کر دیجیے۔ ہوسکتا ہے آپ کے ایک شیئر کی وجہ سے یہ پیغام کسی ایسے مخیر شخص تک پہنچ جائے جسے اللہ تعالیٰ بلال کی مدد کا ذریعہ بنا دے۔ یاد رکھیے، نیکی کی طرف رہنمائی کرنے والا بھی اجر میں اتنا ہی حصہ دار ہوتا ہے جتنا نیکی کرنے والا۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو کسی کی آسانی کا ذریعہ بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
جزاکم اللہ خیراً۔